ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن نے کراچی سمیت سندھ کی مختلف نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق کرلیا۔ امین الحق کہتے ہیں کہ وعدہ کیا ہے کہ وزیراعظم کیلئے نواز شریف کو ووٹ دیں گے، ہم الیکشن میں ایک ساتھ چلنا چاہتے ہیں۔ رانا مشہود کا کہنا ہے کہ فیصلہ ایک ہی ہے، حتمی اعلان پارٹی قیادت کرے گی۔
ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور انتخابی اتحاد کیلئے کراچی میں ایک اور اہم بیٹھک ہوئی، جس میں ن لیگ کی طرف سے نہال ہاشمی اور رانا مشہود کے ساتھ دیگر نے شرکت کی جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے امین الحق سمیت دیگر قائدین شریک ہوئے۔
مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء امین الحق نے کہا کہ وعدہ کیا ہے کہ وزیراعظم کیلئے ہم نواز شریف کو ووٹ دیں گے، ن لیگ اور ایم کیو ایم میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے، ہم الیکشن میں ایک ساتھ چلنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے گفتگو آگے بڑھ رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پورے سندھ میں اینٹی پی پی سینٹی منٹ پایا جاتا ہے، خواہش ہے ایسا مشترکہ مؤقف اپنایا جائے کہ الیکشن کے بعد سندھ میں ایک اتحادی حکومت بنائی جائے، سندھ میں اتحادی حکومت کے حوالے سے مشترکہ طور پر آگے بڑھ رہے ہیں، کچھ چیزوں پر ہمارا اتفاق ہوگیا ہے، کچھ سیٹوں کے حوالے سے بھی ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے۔
امین الحق نے کہا کہ کچھ چیزوں کو اپنی اعلیٰ قیادت کے پاس لے جانے کا فیصلہ ہوا ہے، ایم کیو ایم نے ن لیگ کو اندورون سندھ میں سپورٹ کا کہا ہے، آنے والے وقتوں میں اس اتحاد سے سندھ کو فائدہ ہوگا، سندھ کا اگلا وزیراعلیٰ ن لیگ اور ایم کیو ایم کا مشترکہ ہوگا۔
امین الحق نے کہا کہ میرپور خاص، سکھر اور نوابشاہ سے ایم کیو ایم الیکشن لڑے گی سندھ میں کرپشن کے خاتمے کیلئے دونوں جماعتیں متفق ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے پر ن لیگ مبارکباد دی ہے۔
ن لیگی رہنماء نہال ہاشمی اور رانا مشہود نے کہا کہ آج ہماری دوستوں سے اچھی اور سیر حاصل بات چیت ہوئی، اپنی حتمی سفارشات اچھے انداز میں قیادت تک لے جائیں گے، اس اتحاد نے آگے چلنا ہے، اس میں وژن اور فیصلہ ایک ہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ میں 22 ہزار ارب روپے ترقیاتی اخراجات کی مد میں آیا مگر لگا ہوا 2200 ارب بھی نظر نہیں آیا۔