پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ سابق کپتان بابر اعظم کو آرام دیا جا سکتا ہے لیکن اس سے قبل یہ سوچنا ہوگا کہ وہ خود کیا چاہتے ہیں، پاکستانی ٹیم دورہ آسٹریلیا کے دوران اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔
آسٹریلیا کے ہاتھوں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کے بعد سڈنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم یہاں اچھی کرکٹ کھیلی ہے لیکن بعض لمحات ایسے تھے جن سے فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا۔
ٹیم ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ میلبورن ٹیسٹ میں کیچز ڈراپ ہونے کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس دورے کے دوران جو غلطیاں ہوئیں انہیں درست کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا
سابق کپتان بابر اعظم کے حوالے سے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ انہیں آرام دیا جاسکتا ہے ، اگر بابر اعظم کو اپنی تکنیک، حکمت عملی یا ذہنی طور پر کسی بھی مدد کی ضرورت ہو تو ہم ان کے لیے ہمیشہ موجود ہیں، یہ فرد پر منحصر ہے کہ وہ مدد مانگنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم محنتی ہیں ، ٹریننگ بھی بھرپور کرتے ہیں لیکن انہیں ایک بڑی اننگ کی ضرورت ہے جس سے ان کا اعتماد بحال ہوگا۔
محمد حفیظ نے کہا کہ شاہین آفریدی نے مجھ سے بات کی اور آرام کا کہا تھا جس کی وجہ سے انہیں آرام دیا گیا ، ہم نہیں چاہتے کہ وہ ورک لوڈ کی وجہ سے انجری کا شکار ہوں۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں وائٹ واش کردیا ہے۔