آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
قومی ٹیم نے سڈنی ٹیسٹ کے چوتھے روز کینگروز کو جیت کیلئے 130 رنز کا ہدف دیا تھا جو فاتح ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پہلی وکٹ صفر پر گری جب اوپنر عثمان خواجہ آؤٹ ہوئے، کھانے کے وقفے کے بعد ڈیوڈ وارنر بھی 57 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، دونوں کھلاڑیوں کو ساجد خان نے آؤٹ کیا۔
دیگر بیٹرز میں اسٹیون اسمتھ نے 4 رنز اور مارنس لبوشین نے 55 رنز کی اننگ کھیلی۔
اس سے پہلے چوتھے دن کے آغاز میں مہمان ٹیم اپنی دوسری اننگ میں 115 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، محمد رضوان 28، عامر جمال 18 اور حسن علی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے جبکہ عبداللہ شفیق، شان مسعود، ساجد اور سلمان صفر پر آؤٹ ہوئے تھے، صائم ایوب 33 اور بابراعظم 23 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ہیزل ووڈ نے 4 اور نیتھن لائن نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم کو میلبرن ٹیسٹ میں 79 رنز جبکہ پرتھ ٹیسٹ میں 360 رنزکے بھاری مارجن سے شکست ہوئی تھی۔