سینیٹ میں انتخابات کے التواء کیلئے قرارداد کی منظوری پر تحریک انصاف کی کور کمیٹی، سینئر رہنما بیرسٹر گوہر اور پارٹی ترجمان کا الگ الگ ردعمل سامنے آگیا، شدید مذمت کرتے ہوئے قرارداد مسترد کردی گئی۔
کور کمیٹی اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ عام انتخابات کے شفاف اور منصفانہ انعقاد کا واضح حکم دے چکی، ملک اس وقت انتخابات کے التواء یا عدم استحکام کا کسی صورت متحمل نہیں ہوسکتا۔
پی ٹی آئی اجلاس میں عام اتخابات کیلئے قومی و صوبائی اسمبلی کے حتمی ٹکٹ ہولڈرز کی فہرستوں کی تیاری مکمل کرلی گئی۔
پارٹی کے سینئر رہنماء بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے ماورائے دستور قرارداد منظور کرکے ایوانِ بالا کا تقدس پامال کیا گیا، چند جماعتیں الیکشن 8 فروری سے آگے لے جانے کی کوشش کرکے آئین اور جمہوریت پر یلغار کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرارداد کی منظوری سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی اور توہینِ عدالت ہے، عدلیہ اس کا فوری نوٹس لے۔
ترجمان پی ٹی آئی کیجانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف انتخابات کے انعقاد میں ایک دن کی بھی تاخیر برداشت نہیں کرے گی۔