قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم سے ڈیبیو کیپ لینے والے صائم ایوب ٹیسٹ ڈیبیومیں متاثر کن کارکردگی نہ دیکھاسکے۔
تفصیلات کے مطابق بابر اعظم سے ڈیبیو کیپ لینے والےاوپننگ بلے باز صائم ایوب کو امام الحق کی جگہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں اتارا گیا ۔قومی ٹیم کی انتظامیہ کو اس نوجوان سے کافی توقعات ہیں لیکن صائم ایوب پہلی اننگز میں کوئی سکور کیے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
میچ کے دوران صائم ایوب کیساتھ اوپنر عبداللہ شفیق بھی پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوئے۔اورپاکستانی اوپنرز کا کھیل 4 گیندوں کے اندر ہی ختم ہو گیا۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کیلنڈر ایئر کے آغاز میں دونوں اوپنرز صفر کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور صائم ایوب اننگز کا آغاز کرنے آئے۔ مچل اسٹارک نے میچ کے پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر عبداللہ شفیق کو اسٹیو اسمتھ کے ہاتھوں کیچ کروا کر پاکستان کو بڑا دھچکا دیا۔
پاکستانی ٹیم ابھی اس صدمے سے نکل بھی نہیں پائی تھی کہ فاسٹ بالرجوش ہیزل ووڈ نے اپنے پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب کو ایلکس کیری کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ آوٹ کرواکر پاکستان کو ایک اور جھٹکا دیا۔
اس طرح پاکستان کے دونوں اوپننگ بلے باز کھاتہ کھولے بغیر 2 گیندیں کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔