پاکستان تحریک انصاف نے عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) کے قرض پروگرام کی حمایت سے دستبرداری کا عندیہ دیدیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے’وائس آف امریکا‘ کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں وفد نے آئی ایم ایف نمائندوں سے ملاقات کے دوران قرض پروگرام پر تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔
تحریک انصاف کے وفد نے ملاقات کے دوران آئی ایم ایف نمائندوں سے کہا کہ قرض پروگرام کیلئے تعاون کی یقین دہانی صاف شفاف انتخابات سے مشروط تھی، اور اب ملک میں صاف شفاف انتخابات کا انعقاد دکھائی نہیں دیتا، لہٰذا آئی ایم ایف پروگرام کیلئے اپنی حمایت واپس لے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اتحادی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ تین ارب ڈالر کا معاہدہ کیا تھا اورمعاہدے سے قبل آئی ایم ایف کے نمائندوں نے سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل کی تھی۔
آئی ایم ایف کے وفد نے ن لیگ،پیپلزپارٹی،تحریک انصاف کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں ، اور ملاقاتوں کا مقصد پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا تھا، اور اس دوران پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین نے آئی ایم ایف معاہدے کی حمایت کی تھی۔