آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
پاکستان ایئرفورس کے بیس پرانڈیکشن اینڈ آپریشنلائزیشن تقریب کا انعقادکیا گیا ، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ایئر بیس آمد ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے آرمی چیف کا استقبال کیا، جبکہ پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نےآرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
تقریب میں پاک فضائیہ کے بیڑے میں شامل نئے ویپن سسٹمز اوردفاعی اثاثہ جات کی نمائش کی گئی، ایئر چیف نے پاک فضائیہ کے دفاعی اثاثوں میں نئے شامل کردہ جے-10 سی لڑاکا طیاروں کے بارے میں بتایا۔سی-130 ایچ،اور بی کے اے-350 آئی ایئرموبیلٹی پلیٹ فارمز سمیت دیگر جدید ترین ہتھیاروں کا جائزہ پیش کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ نے بتایا کہ جدید ترین ریڈارز، بغیر پائلٹ کے فضائی نظام کی شمولیت سےدفاعی صلاحیت بڑھ گئی، جے-31 اسٹیلتھ فائٹر طیارے کے حصول کیلئےبنیاد رکھ دی گئی ہے، مستقبل میں جے-31 اسٹیلتھ فائٹر ایئرفورس کےفضائی بیڑے کا حصہ بننے جا رہا ہے، انہوں نےائیرچیف نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی نمایاں خصوصیات سے بھی آگاہ کیا۔
ایئرچیف نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پراستوارکرنے میں حمایت پر آرمی چیف سےاظہار تشکر کیا جبکہ آرمی چیف نےجدید ترین ویپن سسٹمز کی شمولیت اور پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔
جنرل عاصم منیر نے خود انحصاری اور انسانی وسائل کی ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئےتکنیکی ترقی اور آپریشنل مہارت کے حصول پر پاک فضائیہ کی لگن کو سراہا ، اور کہاکہ مسلح افواج کسی بھی جارحیت کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
تقریب کے بعد ایئرفورس کے مختلف لڑاکا اورتربیتی طیاروں نےشاندار فضائی مظاہرہ بھی کیا اورمہمان خصوصی اور حاضرین نےلڑاکا طیاروں، ایئر موبیلٹی اور یو اے ویز کا مشاہدہ کیا۔