بھارتی فلم انڈسٹری ( بالی ووڈ ) کے معروف ڈائریکٹر اور پرڈیوسر کرن جوہر نے اپنی فلموں سے متعلق اچھی رائے کے لئے لوگوں کو پیسے دینے کا اعتراف کر لیا۔
بالی ووڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ کے مطابق معروف ڈائریکٹر کرن جوہر نے اپنی فلموں کے بارے میں اچھی باتیں کہنے کے لیے لوگوں کو پیسے دینے کا اعتراف کیا ہے تاہم، انہوں نے اس پر وضاحت دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ ایسا مجبوری کے باعث کرتے ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران کرن جوہر کا کہنا تھا کہ ’’ کچھ لوگوں نے ان کی فلم کے بارے میں منفی باتیں انٹرنیٹ پر پھیلائی ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے اپنی فلم کی تعریف کے لئے لوگوں کو پیسے دیئے ‘‘۔
کرن جوہر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ایوریج فلموں کے لیے مثبت باتیں کہنے کے لیے لوگوں کو ادائیگی کی ہے، لیکن بعض اوقات، ہم بطور PR اپنے لوگوں کو فلم کی تعریف کرنے کے لیے بھیجتے ہیں۔
کرن کا کہنا تھا کہ ’’دیکھیں، کبھی کبھی آپ مارک بنانے کے لیے بھی جدوجہد کر رہے ہوتے ہیں، ایک پروڈیوسر کے طور پر، آپ اپنی فلم کی تعریف سننے کے لیے ہر آخری کوشش کریں گے، کچھ فلمیں اپنے طور پر کامیاب ہوتی ہیں جن پر میں خاموش رہ سکتا ہوں لیکن کچھ فلمیں اوسط درجے کی ہوتی ہیں اس لیے ہمیں یہ تاثر دینے کی ضرورت ہے کہ وہ اصل سے بہتر کام کر رہی ہیں ‘‘۔
کرن نے یہ بھی انکشاف کیا کہ اگر ان کی کوئی فلم باکس آفس پر اچھی کارکردگی دکھاتی ہے تو وہ انٹرویو دینے سے گریز کرتے ہیں کیونکہ انہیں تب انٹرویوز کی ضرورت نہیں ہے، لیکن یہ مڈل آرڈر فلم کے لیے آپ کو لڑنا ہوتا ہے، جس کے لیے آپ کو اپنے اردگرد ایک چمک اور توانائی پیدا کرنی ہوتی ہے۔