الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری اور مسترد ہونے کی تفصیلات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کےلیے مجموعی طور پر 7 ہزار 473 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کیلئے 18 ہزار 478 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسران نے قومی اسمبلی کےلیے 6،449 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ 1،024 کے مسترد کیے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلیوں کیلئے 16 ہزار سے زائد امیدوارں کے کاغذات منظور ہوئے جبکہ 2،216 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔
دوسری جانب عام انتخابات کے تیسرے مرحلے کے سلسلے میں آج ملک بھر میں کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں دائر کرنے کا عمل شروع ہوگیا۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن ایپلٹ ٹریبونل میں 3 جنوری تک اپیلیں دائر کرائی جاسکتی ہیں۔ الیکشن ایپلٹ ٹریبونلز کو 10 جنوری تک تمام اپیلیں نمٹائیں گے۔
انتخابی شیڈول کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 12 جنوری ہے۔ 13 جنوری کو نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ خواتین اور اقلیتوں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 جنوری کو ہوگی۔