سابق کپتان جاوید میانداد نے بابر اعظم کو ناتجربہ کار کپتان قرار دیدیا ساتھ ہی قومی ٹیم کے کوچز پر بھی برس پڑے۔ کہتے ہیں کہ پاکستان ٹیم کی پرفارمنس پر بہت افسوس ہوا، اگر لڑ کر ہارتے تو دکھ نہیں ہوتا، کپتان میں تجربے کی کمی ہے، کوچز کو فارغ کردینا چاہئے۔
کراچی میں ایس پی ایل کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کی پرفارمنس پر افسوس کا اظہار کردیا۔ کہتے ہیں کہ جیسی پرفارمنس کی توقع تھی وہ نہیں آٸی، اگر لڑ کر ہارتے تو دکھ نہیں ہوتا، ون ڈے کرکٹ میں بلے بازوں کے نمبر تبدیل کرنے پڑتے ہیں، یہاں اس ٹیم کو بتانے والا کوٸی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پلیٸرز کو کہوں گا اپنے آپ کو بہتر طریقے سے تیار کریں، ٹیم کے کوچز کو تبدیل کرنا ہوگا، کوچز کو نہیں معلوم کہ سکھانا کیا ہے، کپتان میں تجربے کی کمی ہے، سابق کرکٹرز کو ساتھ لگائیں تاکہ کپتان سیکھے، کپتان پرفارمنس سے چلتا ہے، ٹیم کچھ نہیں کر رہی تو کپتان کیا کرے گا۔