الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) انٹرا پارٹی الیکشن پر پشاور ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔
جمعہ کے روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق پشاور ہائیکورٹ کے حکم امتناع کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلے کے خلاف قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے فیصلے کے خلاف پشاور ہاٸیکورٹ سے ہی رجوع کیا جائے گا اور اس ضمن میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی جائےگی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پارٹی سے انتخابی نشان ’’ بلا ‘‘ واپس لے لیا تھا جس کے خلاف تحریک انصاف نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا اور بعدازاں، عدالت عالیہ نے ای سی پی کے فیصلے کے خلاف حکم امنتاع جاری کر دیا تھا۔