ملکی معیشت کیلئے اچھی خبر، پاکستان سے گوشت اور گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے نومبر تک کی مدت میں گوشت اور گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 20 کروڑ 11 لاکھ (201.11 ملین) ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 42.47 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں گوشت اور گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 141.15 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق نومبر میں گوشت اور گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات کا حجم 4 کروڑ 28 لاکھ 90 ہزار (42.89 ملین) ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبر میں 43.81 ملین ڈالر اور گزشتہ سال نومبر میں 30.59 ملین ڈالر تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2023ء میں گوشت اور گوشت سے بنی مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو 38 کروڑ 88 لاکھ 70 ہزار (388.87 ملین) ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔