زراعت میں جدید مشینری استعمال نہ ہونے سے گندم کی پیداوار میں 30 لاکھ ٹن اور چاول میں 36 لاکھ ٹن نقصان ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پنجاب حکومت نے کسانوں کو ٹریکٹرز، ہارویسٹرز سمیت 22 اقسام کی مشینری رعایتی قیمت پر فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ناقص منصوبہ بندی کے باعث ملکی زراعت کو بڑے نقصان کا انکشاف ہوا ہے، جدید مشینری استعمال نہ ہونے سے گندم اور چاول کی پیداوار میں لاکھوں ٹن کمی ہوگئی۔
چیف سیکریٹری پنجاب کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ جدید مشینری استعمال نہ کرنے سے گندم کی پیداوار میں 30 لاکھ ٹن اور چاول میں 36 لاکھ ٹن نقصان ہوتا ہے۔
حکومت کی جانب سے پنجاب میں فارم میکانائزیشن کے فروغ کیلئے جامع پلان تیار کرلیا گیا، کسانوں کو ٹریکٹرز، ہارویسٹرز سمیت 22 اقسام کی مشینری رعایتی قیمت پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
منصوبے پر عملدرآمد کیلئے سیکریٹری زراعت نے چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر چیف سیکریٹری نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے بغیر پیداواری صلاحیت میں اضافہ ممکن نہیں، فارم میکانائزیشن سے فصلوں کی پیداوار میں اضافہ اور نقصانات کو کم کیا جاسکے گا۔
چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ فصلوں کی باقیات تلف کرنے کیلئے مشینری کے استعمال سے اسموگ پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔