ریٹرننگ آفیسر نے قائد ن لیگ نوازشریف کی کاغذات نامزدگی منظور کرلیے جبکہ سابق ویراعظم عمران خان کی کاغذات نامزدگی سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے، پی ٹی ٹی آئی کی جانب سے نواز شریف کیخلاف دائر اعتراض مسترد کردیا گیا۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت لیگی رہنما کیپٹن (ر)صفدر، سردارمحمد یوسف اور جنید قاسم موجود تھے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 لاہور سے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر دائر اعتراضات پر ریٹرننگ آفیسر نے فیصلہ محفوظ کر لیا، جو 30 دسمبر کو سنایا جائے گا۔ اس موقع پر ریٹرننگ آفس کے باہر مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے وکلا آمنا سامنے آگئے اور ایک دوسرے کیخلاف نعرہ بازی بھی کی۔
اس سے قبل این اے 185 ڈی جی خان پرکاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلیا گیا، ریٹرننگ آفیسر نے پی ٹی آئی کی رہنما زرتاج گل کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے، ریٹرننگ آفیسر کے مطابق زرتاج گل کے کاغذات نامزدگی پر شہری نے اعتراض اٹھایا تھا، زرتاج گل مختلف مقدمات میں اشتہاری ہیں، سابق وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل گزشتہ 7 ماہ سے روپوش ہیں۔ آر او کے مطابق زرتاج گل کے کاغذات نامزدگی مسترد کئےجانے سے متعلق تحریری فیصلہ کل جاری کیا جائے گا۔