پاکستان پیپلزپارٹی نے 2024ء الیکشن کیلئے انتخابی منشور دیدیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اقتدار میں آکر 300 یونٹس تک بجلی مفت، 30 لاکھ گھر دینے اور تنخواہیں ڈبل کرنے کا اعلان کردیا۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر بھٹو کی 16 ویں برسی کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن 2024ء کیلئے انتخابی منشور کا اعلان کردیا۔
انہوں نے کہا کہ 16 سال پہلے کچھ قوتوں نے سوچا بینظیر بھٹو کو شہید کرکے وہ پیپلزپارٹی کو ختم کرلیں گے، 16 سال بعد بھی پیپلزپارٹی نے یہ ثابت کردیا کہ ہمارے قائدین کو شہید کرسکتے ہیں لیکن آپ کتنے بھٹو مارو گے ہر گھر سے بھٹو نکلے گا، ان تمام قوتوں کو للکارتے ہیں، جیالے آج بھی پیپلزپارٹی کیساتھ ہیں، ہم آج بھی اپنے شہداء سے وفا کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی ہی ملک کو بچاسکتی، مسائل کا مقابلہ کرسکتی ہے، بینظیر کی شہادت کےبعد ہم نے کافی کامیابیاں حاصل کیں، ہم نے 18ویں ترمیم کی صورت میں آئین بحال کرکے دکھایا، ہم نے این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں کو طاقتور بنایا، بی آئی ایس پی شروع کرکے قائد عوام کا خواب پورا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے، ہم نے بھگوڑے اور آمر کو نکال کر جمہوریت کی صورت میں انتقام لیا، اب وقت آگیا ہے کہ ملک میں پیپلزپارٹی کی حکومت بنائی جائے، صرف اور صرف عوامی راج ملک کو مشکل سے نکال سکتا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری تاریخی سطح پر ہے، مہنگائی، غربت اور بیروزگاری کے مسائل کا حل قائد عوام کے منشور میں موجود ہے، ہم تین نسلوں سے بیروزگاری اور غربت کا مقابلہ کرتے آرہے ہیں، پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت یا سیاستدان سے نہیں، پیپلزپارٹی کا مقابلہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری سے ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو مسائل کا مقابلہ کرکے انہیں کم کریں گے، پیپلزپارٹی وفاق کی جماعت ہے، تمام صوبوں کی نمائندگی کررہی ہے، ہم انقلابی انتخابی منشور دیکر الیکشن لڑیں گے، ہم الیکشن کو مقابلہ سمجھتے ہیں ڈرنے والے نہیں، ہم الیکشن میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور جیتیں گے، ہم الیکشن سے بھاگنے والے نہیں، جب اپنے قائدین کو دفن کررہے تھے اس وقت بھی الیکشن لڑا ہے۔
بلاول نے کہا کہ ہمارا ہی مطالبہ تھا الیکشن کراؤ آج دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، 8 فروری کو عوام تیر پر مہر لگاکر منہ توڑ جواب دیں گے، باقی سیاسی جماعتوں کو بھی پیغام ہے الیکشن لڑو، آج کچھ لوگ کسی اور کے کندھوں پر سیاست کرنے کی کوشش کررہے ہیں، قائد عوام نے سکھایا ہے طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، سیاسی جماعتیں یہ بات سمجھ جائیں گی تو پاکستان ترقی کرے گا، پیپلزپارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست دفن کرکے الیکشن میں جائے گی، عوام پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں گے، ہم عوام کی قسمت بدلیں گے۔
چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک کرکے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا مقابلہ کیا، 18 مہینے میں ہم نے خارجہ سطح پر کام کرکے دکھایا، معیشت، دہشتگردی، جمہوریت کے مسئلے پر اتحادی جماعتوں کی دلچسپی نہیں تھی، ہمارے اتحادیوں کی مہنگائی اور دہشتگردی روکنے میں دلچسپی نہیں تھی، ہم نے فیصلہ کرلیا ان کا اور ہمارا راستہ الگ ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے پیپلزپارٹی تیر کے نشان پر الیکشن لڑے گی، پیپلزپارٹی تمام جماعتوں کا مقابلہ کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام دوست حکومت ضرور بنائے گی، پاکستان اورعوام مشکل میں ہیں، سیاست، جمہوریت میں سنجیدگی کی ضرورت ہے، مہنگائی، بیروزگاری، غربت کےمقابلے کیلئے آپس کی لڑائی چھوڑنا پڑے گی، ہمیں اصل مسائل پر غور کرنا ہوگا، پرانے سیاستدان نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہے ہیں، ایک الیکشن جیل سے نکلنے دوسرا جیل سے بچنے کیلئ ےلڑ رہا ہے۔
انتخابی منشور کا اعلان کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت بنی تو تنخواہیں ڈبل کریں گے، سولر کے ذریعے 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کریں گے، ہر ضلع میں گرین انرجی کے نام پر پارکس بنائیں گے، ہمیں واپڈا، لیسکو، کے الیکٹرک کی ضرورت نہیں ہوگی، ہم عوام کو کم قیمت پر بجلی پہنچائیں گے، اپنے تعلیمی اداروں کو فعال کریں گے، مفت صحت کا نظام پورے ملک میں لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ قائد عوام نے حقیقت بنایا تھا، سیلاب متاثرین کیلئے سندھ میں 20 لاکھ گھر بنارہے ہیں، پیپلزپارٹی حکومت بنی تو 30 لاکھ گھر غریب آدمی کیلئے بنائیں گے، ہمارے مخالف بی آئی ایس پی کا مذاق اڑاتے تھے، آج دنیا مانتی ہے بی آئی ایس پی مثالی ہے، بی آئی ایس پی پروگرام میں اضافہ کریں گے، کسان، ہاریوں کیلئے کارڈ بنائیں گے، اب بڑے مل مالکان ک ےبجائےغریب کسانوں کو سبسڈی دلوائیں گے، تمام مزدوروں کو بینظیر مزدور کارڈ میں رجسٹر کرائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا کہ نوجوانوں کو بھی یوتھ کارڈ کے ذریعے مدد دیں گے، جو نوجوان روزگار کی تلاش میں ہیں انہیں ایک سال تک مالی مدد پہنچائیں گے، نوجوانوں کیلئے یوتھ سینٹرز بنائیں گے، نوجوانوں کیلئے ہر ضلع میں یوتھ مرکز بنائیں گے، جو نوجوان غلط کاموں میں ہیں انہیں مثبت کاموں میں لگائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بھوک کامقابلہ کرنا ہےاسے مٹانا ہے، پیپلزپارٹی کا بھوک مٹاؤ پروگرام سب سے انقلابی ہوگا، ملکر محنت کریں گے تو ہم اس مشکل سے نکلیں گے، پیپلزپارٹی ملک اور عوام کو بچائےگی، پیپلزپارٹی کے کارکن، عہدیدار، ٹکٹ ہولڈرز کیلئے پیغام ہے تیاری پکڑو، دمادم مست قلندر ہوگا، ایک مہینے کیلئے ہم اپنے اختلاف بھول جائیں گے، وعدہ کریں پیپلزپارٹی کے جیالے اختلافات بھولیں گے، ہمیں اکثریت چاہئے مجھے سینچری کراس کرکے رزلٹ دلوانا ہے۔
بلاول کا کہنا ہے کہ کراچی والوں کا شکر گزار ہوں پیپلزپارٹی ک ساتھ دیا، مخالفین کو جواب دیا، کراچی نے بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی کا میئر بنایا، کراچی کے عوام اس بار تیر پر مہر لگا کر کراچی کی تمام سیٹیں جتوائیں گے، پہلی بار کے ایم سی، صوبہ، وفاق میں جیالوں کی حکومت ہوگی، پیپلزپارٹی کو سازش کے تحت پنجاب کی سیاست سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی، اب دنیا دیکھ رہی ہے پیپلزپارٹی نہیں ہوگی تو کیا تماشہ ہوگا، ہم دکھائیں گے لاہور کا جیالا زندہ ہے۔