ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء مصطفیٰ کمال اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان نے کراچی کے ضلع وسطی سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے، پیپلزپارٹی کے نبیل گبول اور دیگر رہنماؤں نے ضلع جنوبی جبکہ آئی پی پی سندھ کے صدر محمود مولوی نے ضلع شرقی کے این اے 238 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
کراچی میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج تیسرا روز تھا جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کاغذات جمع کرانے کی تاریخ میں دو روز کی توسیع کردی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے جبکہ پیپلزپارٹی کے نبیل گبول، نادر گبول، یوسف بلوچ نے بھی اپنے کاغذات جمع کرادیئے۔
سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے ضلع وسطی کے حلقہ این اے 247، ڈاکٹر فاروق ستار اور ارشدہ ووہرا نے این اے 240 سے کاغذات جمع کرائے جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان نے این اے 250 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
آئی پی پی رہنماء محمود مولوی ریلی کی صورت میں ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچے، انہوں نے این اے 238 اور علی جونیجو نے پی ایس 102 پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
پیپلزپارٹی کے نبیل گبول نے این اے 239، خلیل ہوت، یوسف بلوچ اور نادر نبیل گبول نے پی ایس 107 جبکہ عثمان ہنگورو نے پی ایس 106 پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
یوسف بلوچ کا کہنا تھا لیاری کی نشست این اے 239 پر بلاول بھٹو پی پی کے امیدوار ہوں گے، جن کے کاغذات نامزدگی گزشتہ روز جمع کرائے گئے تھے۔
ٹی ایل پی، مسلم لیگ ق، جی ڈی اے سمیت پی ٹی آئی کے امیدواروں نے بھی ضلع جنوبی کی قومی اسمبلی کی نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں میں محمد حسین خان نے این اے 232 اور پی ایس91 پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے جبکہ عبدالوسیم، شیخ صلاح الدین اور ریحان ہاشمی کے کاغذات بھی جمع ہوگئے۔
جماعت اسلامی کے عبدالرشید نے این اے 239، 240 اور این اے 241 جبکہ پی ایس 106 پر کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
مسلم لیگ ق کے رہنماء طارق حسن این اے 241 اور پی ایس 109 پر الیکشن لڑیں گے، ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری نے مخصوص نشست پر کاغذات جمع کروا دیئے۔
گزشتہ روز بھی ایم کیو ایم پاکستان کے 35 سے زائد امیدواران نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے، جن میں مصطفیٰ کمال، امین الحق، حفیظ الدین و دیگر شامل تھے۔