جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) اور متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) نے کاغذات نامزدگی کی وصولی کے دن بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔
جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے نام خط لکھا گیا ہے جس میں انہوں نے کاغذات نامزدگی کی وصولی کے دن بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول جاری کیا، سیاسی جماعتوں نے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ تقسیم کرنے ہیں، کاغذات نامزدگی کی وصولی کیلئے 3 دن کا اضافہ کیا جائے۔
جے یو آئی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا وقت بڑھانے سے سیاسی جماعتوں کو بہتر امیدواروں چننے میں آسانی ہوگی۔
خط میں لکھا گیا کہ کاغذات کی جانچ پڑتال کا وقت 7 سے کم کرکے 4دن کیا جاسکتا ہے، جانچ پڑتال کا وقت کم کرنے سے پولنگ 8 فروری کو ممکن ہوگی، جے یو آئی کو انتخابات کی تاریخ اور دیگر شیڈول پر کوئی اعتراض نہیں۔
خط میں مزید کہا گیا کہ ایکٹ کے سیکشن 58 کے تحت الیکشن کمیشن شیڈول میں ردوبدل کرسکتا ہے۔
ایم کیو ایم
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے بھی نامزدگی فارم جمع کرنے کی تاریخ میں اضافے کا مطالبہ کیا اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے چیف الیکشن کمشنر کے نام تحریری درخواست میں کہا کہ کاغذات نامزدگی کا دیا گیا تین دن کا وقت بہت کم ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق کاغذات نامزدگی کے لیے 20 سے 22 دسمبر تک کا وقت بہت کم ہے، کاغذات نامزدگی کی فارملیٹیز کی ایک طویل فہرست ہے۔
ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن سے درخوست ہے نامزدگی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کی جائے۔