چیئرمین قومی احتساب بیور (نیب) نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ فواد چوہدری پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے نیب کو فواد چوہدری کو شامل تفتیش کرنے کی اجازت دے دی۔
نیب حکام اور تفتیشی افسر جوڈیشل مجسٹریٹ یاسرمحمود کی عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین نیب نے فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ فواد چوہدری جوڈیشل ریمانڈ پر عدالت کی کسٹڈی میں ہیں۔ وارنٹ تعمیل کرانے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کوہدایت کی کہ وہ فواد چوہدری سے نیب وارنٹ پرتعمیل کرائے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ انکوائری مکمل کرنے کیلئے فواد چوہدری کو گرفتار کرکے عدالت سے ریمانڈ لیا جائے گا۔
فواد چوہدری کے خلاف جہلم سے پنڈ داد خان ڈوئل کیرج وے منصوبے پر انکوائری جاری تھی۔ فواد چوہدری پر منصوبے میں سیاسی اثرورسوخ استعمال کرنے اور اراضی خریدنے کا الزام ہے۔ نیب راولپنڈی نے فواد چوہدری کو 13 نومبر کو طلب بھی کیا تھا۔