پاکستان کرکٹ ٹیم کے سپن باولر ابرار احمد کے زخمی ہونے کے بعد ٹیم مینجمنٹ نے بیک اپ کے طور پر ساجد خان کو منتخب کیا اور انہوں نے آسٹریلیا پہنچنے کے بعد قومی ٹیم کو جوائن کر لیاہے ۔
پاکستان اپنے نئے کپتان شان مسعود کی سربراہی میں 14 دسمبر کو پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گااور اس حوالے سے بھر پور پریکٹس بھی کی گئی ہے ۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ کے دوران قومی ٹیم کے سپنر ابرار احمد زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد ان کی ایم آرآئی کروائی گئی اور ڈاکٹرز نے رپورٹس آنے پر انہیں آرام کا مشورہ دیاہے ، ان کے متبادل کے طور پر ساجد خان کو طلب کیا گیاہے ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ قومی ٹیم کے ہمراہ ڈاکٹر کے موجود ہونے کا معاملہ بھی ابرار کے زخمی ہونے کے بعد سامنے آ یا ہے ، ڈاکٹر سہیل اپنے والد کی شدید علالت کے باعث قومی ٹیم کو جوائن نہیں کر سکے اور انہوں نے پی سی بی سے معذرت بھی کر لی ہے ۔
پی سی بی کی جانب سے تاحال کسی متبادل ڈاکٹر کا انتخاب نہیں کیا گیاہے ۔
آسٹریلیا میں بابراعظم اس وقت شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکزبنے ہوئے ہیں اور ان سے آسٹریلیا کی فاسٹ پچز پر ایک دلچسپ اننگز کی امید کی جارہی ہے۔