چین کے مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے انڈونیشیا میں آن لائن شاپنگ سروس کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے مقامی ٹیک کمپنی کے ساتھ مشترکہ معاہدہ کر لیا۔
یاد رہے کہ رواں سال اکتوبر میں ٹک ٹاک نے انڈونیشیا میں اپنی آن لائن شاپنگ سروس کو معطل کردیا تھا اور سوشل میڈیا ایپلی کیشن کی جانب یہ اقدام انڈونیشین حکومت کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے نئے ضوابط کے بعد اٹھایا گیا تھا۔
انڈونیشن حکومت کا کہنا تھا کہ نئے ضوابط کا مقصد مقامی اور آن لائن کاروبار کرنے والے افراد کی حفاظت کرنا ہے۔
تاہم، ٹک ٹاک نے کاروبار کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے انڈونیشیائی ٹیک کمپنی GoTo کے ساتھ ایک مشترکہ معاہدہ کیا ہے اور فرم انڈونیشیا کے سب سے بڑے ای کامرس پلیٹ فارم ٹوکوپیڈیا میں 1.5 بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
خیال رہے کہ انڈونیشیا میں ٹک ٹاک کے تقریباً 125 ملین صارفین ہیں۔
معاہدے کے تحت ٹک ٹاک ، ٹوکوپیڈیا کا صرف 75% خریدے گا اور TikTok شاپ کے انڈونیشیا کے کاروبار کو اس کے ساتھ مربوط کرے گا۔
یہ بھی پڑھائیں۔ ٹک ٹاک نے انڈونیشیا میں اپنی آن لائن شاپنگ سروس معطل کردی
دونوں کمپنیوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ اسٹریٹجک شراکت داری ایک پائلٹ مدت کے ساتھ شروع ہو گی جو متعلقہ ریگولیٹرز کے ساتھ قریبی مشاورت اور نگرانی میں کی جائے گی۔
کمپنیز نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز پر انڈونیشی اشیاء کو فروغ دیں گی اور ملک کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو اپنی پیداوار اور فروخت کی حکمت عملی تیار کرنے میں مدد کریں گی۔
یہ معاہدہ انڈونیشیا کی حکومت کی جانب سے چھوٹے تاجروں اور صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر آن لائن شاپنگ پر پابندی کے بعد سامنے آیا ہے۔