توشہ خانہ کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت کےخلاف نیب کی جلد سماعت کی درخواست منظورکر لی گئی اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث سماعت بغیر کسی کاروائی کے گیارہ دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔
رپورٹس کے مطابق توشہ خانہ کیس سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت پر جلد سماعت کرنےکے لیئے نیب کی جانب سے دائر درخواست پر ملزم کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کی عدم موجودگی کے باعث سماعت نہ ہو سکی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر اور عدالتی عملہ اڈیالہ جیل میں درخواست پر سماعت کے لیئے سنٹرل جیل اڈیالہ پہنچا تھا ۔
عدالتی کارروائی کا آغاز ہوا تو ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی، پراسیکیوٹر عمر خان،ڈپٹی ڈائریکٹر وقارالحسن اور محسن ہارون عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ پیش نہ ہوسکے۔نیب نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں عبوری ضمانت خارج کرنے کی استدعا پر مبنی درخواست دائر کی تھی۔
عدالت میں موجود سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میرے وکیل لطیف کھوسہ موجود نہیں وہی درخواست پر دلائل دیں گے۔ جس کے بعد عدالت نے سماعت گیارہ دسمبر تک ملتوی کردی۔