پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ممبر راجہ طاہر نواز نے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی ۔
پی ٹی آئی ممبر راجہ طاہر نواز عباسی کی جانب سے اپنے وکیل کے ذریعے الیکشن کمیشن میں انٹراپارٹی انتخابات کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔
راجہ طاہر نواز کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کرائے گئے اور ایک ڈمی پینل تشکیل دیا گیا تھا۔
درخواست کے مطابق انٹرا پارٹی انتخابات کروانا سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی کی ذمہ داری تھی۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم دیکر پارٹی سیکرٹری جنرل کو دوبارہ انتخابات کی ہدایت کی جائے۔