پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز کے لئے آسٹریلیا نے مضبوط سکواڈ کا اعلان کیا ہے مگر ہم بھی اس چیلنج کے لئے تیار ہیں۔
دورہ آسٹریلیا پر موجود فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قومی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے اور امید ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف اچھی پرفارمنس دکھائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں۔ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا
فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ کینبرا میں کھیلنے کا تجربہ زیادہ نہیں ہے مگر پرائیم ( پی ایم ) الیون کے خلاف میچ ہماری تیاری کے لئے اہم ہوگا اور ان 4 دنوں میں ہمیں ٹیسٹ کی تیاری کا موقع ملے گا۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہم آسٹریلوی سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے خلاف کھیل چکے ہیں، انہیں جانتے ہیں وہ ہمیشہ مضبوطی سے کھیلتے ہیں لیکن ہم بھی تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔ پاکستان کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ آسٹریلیا آرہی ہے، عثمان خواجہ
انہوں نے آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو آخری ٹیسٹ سیریز یادگار نہ بنانے دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وارنر کا کیریئر شاندار ہے، وہ تینوں فارمیٹ کے بہترین کھلاڑی ہیں، ان کے لیے نیک تمنائیں ہیں مگر مجھے امید ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف اچھی پرفارمنس نہیں دیں گے۔
سڈنی ایئرپورٹ پر کھلاڑیوں کی جانب سے اپنا سامان خود ٹرک پر لوڈ کرنے کے معاملے پر انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنا وقت بچانے کے لیے خود سامان اٹھایا، اگلی فلائٹ میں تیس منٹ تھے، وہ دو بندے تھے ہم نے کہا کہ جلد کام ختم ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف مدد کے لپے ایسا کیا اس کے علاوہ کچھ نہیں، ہم اس ٹیم کو ایک فیملی کہتے ہیں اور فیملی بن کر مدد کی۔