پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز فاسٹ باولر وسیم اکرم نے ورلڈکپ فائنل میں بھارتی ٹیم شکست کا ذمہ دار بھارتی شائقین کرکٹ ، میڈیا اور سوشل میڈیا کو قرار دیدیا ہے ۔
سٹار سپورٹس کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں وسیم اکرم نے کہا کہ ’’ میں سمجھ سکتاہوں کہ کسی بھی قوم کیلئے اس طرح کی ہار سے ابھر پانا مشکل ہے ، خصوصی طور پر اس وقت جب آپ کی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں نہایت شاندار کارکردگی دکھائی ہو ،ورلڈکپ میں لگاتار 10 میچز جیتنا ایک شاندار کامیابی تھی ، بہر حال بھارتی میڈیا، سوشل میڈیا اور شائقین کرکٹ نے بھارتی ٹیم کو فائنل سے پہلے ہی چیمپئن بنا دیا تھا، جس کا انہیں نقصان اٹھانا پڑا، انہوں نے کہا کہ بھارتیوں کا ٹیم سے توقعات رکھنا فطری تھا لیکن انہیں سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن پر چیمپئن قرار دینا غلط تھا۔وسیم اکرم نے کہا کہ آسٹریلیا نے فائنل میں جس انداز سے کھیلا وہ واقعی جیت کے کریڈٹ کے مستحق تھے۔
یاد رہے کہ ورلڈکپ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا کے باولرز نے جہاں بھارتی ٹیم کو شدید مشکلات میں ڈالا وہیں بٹینگ کے شعبے میں ٹراویس ہیڈ کی شاندار اننگ نے انڈیا کو ورلڈکپ سے محروم کر دیا ۔