انٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا رجحان آج بھی برقرار ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 34 پیسے کا اضافہ ہوگیا، جس سے انٹر بینک میں ڈالر 285 روپے 98 پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی ڈالر 27 پیسے اضافے سے 285.64 روپے پر بند ہوا تھا۔
قبل ازیں آج کاروباری دن کے آغاز پر انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں معمولی کمی بھی دیکھی گئی مگر طلب میں اضافے کے باعث ڈالر کی قدر میں دوبارہ اضافہ ہوگیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی کرنسی مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے اضافہ ہوا تھا تاہم کاروباری ہفتے کے دوران مجموعی طور پر قیمت میں ایک روپے سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔
یاد رہے کہ 17 اکتوبر کو ایک ڈالر کی قیمت انٹر بینک میں 276.83 روپے کی سطح تک گر گئی تھی جو ستمبر کے شروع میں 307.10 کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھی۔ اس کے بعد اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن اور ایکسچینج کمپنیوں کے ضوابط میں ترمیم کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ شروع ہوا تاہم 17 اکتوبر کے بعد سے ڈالر کی قیمت میں دوبارہ ملا جلا رجحان دیکھا جارہا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ڈالر جمع کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ڈالر کو سونا سمجھ کر جمع کرکے بیٹھ گئے انکو آئندہ دنوں میں اتنی مار پڑنے والی ہے۔