گجرات ٹائٹنز نے پیر کو کہا کہ اوپنر شبمن گل اگلے سال ہونیوالی انڈین پریمیئر لیگ میں ٹیم کی کپتانی کریںگے، ہاردک پانڈیا کو ممبئی انڈینز میں واپس جانے کی اجازت دی، جو ان کی پہلی آئی پی ایل ٹیم ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہاردک پانڈیا جنہوں نے 2015-2021ء کے درمیان ممبئی کو 4 آئی پی ایل ٹائٹل جتوانے میں مدد کی، 2022ء میں گجرات کو ان کے پہلے سیزن میں آئی پی ایل ٹائٹل دلایا، وہ اس اسکواڈ کے کپتان تھے جس نے چنئی سپر کنگز کو رنر اپ بنوایا۔
ممبئی انڈینز نے آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین کو رائل چیلنجرز بنگلور میں واپس بھیج دیا، جسے انہوں نے گزشتہ سال 175 ملین ہندوستانی روپے (2.10 ملین امریکی ڈالر) میں خریدا تھا۔
ہاردک پانڈیا کے ممبئی جانے سے گجرات کے خزانے میں 150 ملین روپے جمع ہونگے، جو 19 دسمبر کو دبئی میں ہونیوالی کھلاڑیوں کی نیلامی میں کام آسکتے ہیں۔
گجرات کے کرکٹ ڈائریکٹر وکرم سولنکی نے ایک بیان میں کہا کہ انہوں (ہاردک پانڈیا) نے اپنی اصل ٹیم ممبئی انڈینز میں واپسی کی خواہش ظاہر کی تھی، ہم ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور ان کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
پانڈیا کی ممبئی انڈینز میں واپسی سے بھارتی ٹیم میں ان کے نوجوان ساتھی شبمن کو گجرات ٹائٹنز کی کپتانی سونپ دی گئی ہے۔ سولنکی نے کہا کہ نوجوان اوپنر نے پچھلے 2 سالوں میں اپنی صلاحیتوں کو بھرپور اظہار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے انہیں ناصرف ایک بلے باز کے طور پر بلکہ کرکٹ میں ایک لیڈر کے طور پر بھی دیکھا ہے، فیلڈ میں ان کے اشتراک نے گجرات ٹائٹنز کو ایک مضبوط قوت کے طور پر ابھرنے میں مدد کی۔
سولنکی کا مزید کہنا ہے کہ شبمن گل کی پختگی اور مہارت ان کی فیلڈ پرفارمنس سے ظاہر ہوتی ہے، ہم ان جیسے نوجوان لیڈر کے ساتھ ایک نئے سفر کا آغاز کرنے کیلئے بے حد پرجوش ہیں۔