وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں مقیم افغان شہری سیاسی و انتخابی سرگرمیوں سے دور رہیں، شہری غیرقانونی غیرملکی کو روزگار اور ملازم میں مدد نہ کریں۔
وزارت داخلہ نے ایک بار پھر غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرقانونی رہائش پذیر غیرملکیوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، شہری ایسے کسی شخص کو روزگار فراہم نہ کریں اور نہ ہی ملازمت میں مدد کریں، غیرقانونی غیرملکی یا اسے ملازمت دینے والے شخص کی معلومات فراہم کریں۔
وزارت داخلہ نے تنبیہ کی ہے کہ پاکستان میں مقیم افغان شہری سیاسی و انتخابی سرگرمیوں سے دور رہیں، کسی بھی امیدوار کی مدد کرنا یا فنڈنگ فراہم کرنا غیرقانونی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث کسی بھی افغان شہری کو ملک بدر کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ملک میں مقیم افغان باشندوں سمیت غیرقانونی غیر ملکیوں کو 31 اکتوبر تک ملک سے نکلنے کا حکم دیا گیا تھا، یکم نومبر سے غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں بشمول افغانوں کیخلاف کارروائیاں شروع کردی گئیں، اب تک ڈیڑھ لاکھ کے قریب افغان باشندے واپس اپنے وطن جاچکے ہیں۔