سینٸر قانون دان شاہ خاور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف الیکشن کمشنر تعینات کردیئے گئے۔
وزرات بین الصوبائی رابطہ نے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی منظوری سے تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق شاہ خاور کو 3 ماہ کے لیے پی سی بی کا چیف الیکشن کمشنر لگایا گیا، شاہ خاور بورڈ آف گورنرز مکمل ہونے پر الیکشن کرائیں گے۔ چیئرمین کے انتخاب کے لیے 4فروری 2024ء تک کی ڈیڈ لائن ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا الیکشن جلدازجلد کروانے کیلئے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ نے پی سی بی کو 23 نومبر کو ایک اور خط لکھ دیا تھا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کو تین ماہ سے زائد توسیع نہیں دی جائےگی۔ وفاقی کابینہ نے منیجمنٹ کمیٹی کوچیئرمین اوربورڈآف گورنرزتشکیل دینےکی ذمہ داری دی ہے۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ منیجمنٹ کمیٹی کیجانب سے اعلیٰ عہدے پر تقرریوں کو اختیارات کاغلط استعمال سمجھا جائے گا۔