اسموگ کے پیش نظر لاہورسمیت پنجاب کے دس اضلاع میں آج مکمل لاک ڈاؤن ہے ، مارکیٹیں آج سارا دن بند رہیں گی جبکہ ریسٹورنٹس شام چار بجے کے بعد کھل سکیں گے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے بتایا کہ اسموگ کے پیش نظر پنجاب کے دس اضلاع میں اتوار کے روز تمام شاپس مارکیٹس مکمل بند رہیں گی ، تاہم ، فارمیسیز، میڈیکل اسٹورز ،پٹرول پمپس اور بیکریز کھلی رہیں گی جبکہ ریسٹورنٹس دن 4 کے بعد کھولنے کی اجازت ہوگی۔
نبیل جاوید نے بتایا کہ پہلے سے طے شدہ امتحانات اور انٹری ٹیسٹ بھی شیڈول کےمطابق ہوں گے۔
لاہور ، گوجرانوالہ ، ملتان ، سرگودھا ، فیصل آباد اور ساہیوال کے تمام اضلاع میں پابندیاں ہوں گی۔
دوسری جانب لاہور میں سموگ کے تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آج اتوار کے روز لاہور کے مال روڈ پر ٹریفک کا داخلہ بھی ممنوع ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر محکمہ صحت کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کروائیں گے ، کھانے پینے کی اشیاء کی دکانیں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے۔
سٹی ٹریفک آفیسر ( سی ٹی او ) مستنصر فیروز کا کہنا ہے کہ مال روڈ آج سہ پہر تین بجے تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے ، صرف سائیکل سوار اور پیدل شہری مال روڈ کو استعمال کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سےاسموگ کے پیش نظریہ فیصلہ کیا گیا۔