پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر علشبہ انجم، جو جنت مرزا کی بہن بھی ہیں، نے اپنی آئندہ شادی کے حوالے سے سادگی اختیار کرنے کے ارادے کا اظہار کیا ہے۔
انٹرنیٹ سیلیبریٹیز کی پرتعیش شادیوں کے برعکس علشبہ انجم کا کہنا ہے کہ وہ محدود اخراجات کے ساتھ صرف نکاح اور ولیمے پر مشتمل تقریب منعقد کریں گی اور غیر ضروری دکھاوے سے گریز کریں گی۔
حالیہ گفتگو کے دوران شادی کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے علشبہ انجم نے بتایا کہ وہ تقریباً 20 سے 30 لاکھ روپے کے بجٹ میں شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں، جبکہ ان کی تقریب صرف دو مراحل، نکاح اور ولیمہ تک محدود ہوگی۔
اسی موقع پر علشبہ انجم نے اپنے ملبوسات کی قیمتوں کی تفصیل بھی شیئر کی۔ ان کے مطابق ان کی جینز جاپان سے خریدی گئی ہے جس کی قیمت 20 ہزار روپے ہے، جبکہ شرٹ 10 ہزار روپے میں خریدی گئی اور جوتوں کی قیمت تقریباً 25 ہزار روپے ہے۔
علشبہ انجم کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آتے ہی تیزی سے وائرل ہو گئی، جس پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ کئی صارفین نے ان کے سادگی کے فیصلے کو سراہا، جبکہ بڑی تعداد نے سوال اٹھایا کہ 20 سے 30 لاکھ روپے کے بجٹ کو واقعی سادہ شادی کہا جا سکتا ہے یا نہیں۔
علشبہ انجم سوشل میڈیا پر غیر معمولی مقبولیت رکھتی ہیں۔ ان کے انسٹاگرام پر 30 لاکھ سے زائد جبکہ ٹک ٹاک پر ایک کروڑ 90 لاکھ سے زیادہ فالوورز موجود ہیں۔





















