گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ چترال سے ڈیرہ اسماعیل تک جہاں دہشتگردہیں آپریشن ہوگا۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج کل تیراہ کے حوالے سے لفظی جنگ جاری ہے۔ ایک عرصے سے اس علاقے میں عسکریت پسند موجود تھے۔ کسی کو اچھا لگے یا برا، چترال سے ڈیرہ اسماعیل خان تک جہاں جہاں دہشتگرد ہیں وہاں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضرور ہوگا۔
گورنرخیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ تیراہ میں برفباری کے دوران لوگوں کی نقل مکانی معمول کی بات ہے، لوگ ہرسال سردیوں میں نقل مکانی کرتے ہیں۔ اگر صوبائی حکومت کے مسائل ہیں تو وفاق کے ساتھ بات کرے۔ گالم گلوچ سے فنڈز نہیں ملتے۔ ہم آہنگی نہ ہونےکی وجہ سے صوبےکے لوگ متاثرہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ قیدی کو کس طرح آزاد کرائیں۔ واضح کردیا کہ اڈیالہ کا قیدی اپنی سزا پوری کرکے ہی آزاد ہوگا۔ قیدی کواسپتال لایا گیا ہےتوکسی مرض کا علاج کرنا غلط تونہیں ہوگا۔





















