پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) کی نجکاری سے متعلق اہم مرحلہ طے پا گیا، جہاں اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران پی آئی اے کے حصول کے لین دین سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ نے دسمبر گزشتہ سال پی آئی اے کے 75 فیصد حصص 135 ارب روپے میں خریدنے کی بولی جیتی تھی۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ نجکاری کا عمل شفاف طریقے سے انجام پایا ۔امید ہے جلد قومی ایئرلائن کی عظمت بحال ہوگی ۔ سہولتوں کی فراہمی سے وقار میں اضافہ ہوگا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور حکومتی ٹیم نے نجکاری میں اہم کردار ادا کیا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے وزیراعظم اور آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں ان دونوں کی رہنمائی اور مکمل تعاون نہ ہوتا تو یہ مرحلہ طے کرنا ممکن نہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب موجودہ حکومت کی جانب سے اٹھایا گیا ایک نہایت اہم سنگ میل ہے، پی آئی اے کی نجکاری کا یہ لین دین نہایت مؤثر اور شفاف طریقے سے مکمل کیا گیا، جو حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا ایک نمایاں حصہ ہے۔
محمد علی کا کہنا تھا کہ اس معاہدے کے تحت کنسورشیم کی جانب سے مجموعی طور پر 180 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائے گی، جو تقریباً 650 ملین ڈالر کے برابر ہے۔ اس رقم میں سے 125 ارب روپے، یعنی 450 ملین ڈالر، براہِ راست پی آئی اے میں لگائے جائیں گے، جبکہ 55 ارب روپے، جو 200 ملین ڈالر بنتے ہیں، حکومت کو ادا کیے جائیں گے۔






















