محکمہ موسمیات نے 31 جنوری سے 3 فروری تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 31 جنوری سے 3 فروری کے دوران شمالی بلوچستان اور ملک کے شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی بارشوں کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اکتیس جنوری سے تین فروری کے دوران گلگت بلتستان،کشمیر اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ یکم فروری سے سے تین فروری کے دوران اسلام آباد ،خطہ پوٹھوہار، پنجاب مری اور گلیات میں مختلف مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
موسمی صورتحال کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے اور بالائی خیبرپختونخوا گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔
صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کردیا۔ اعلامیے کے مطابق برفباری کے دوران سڑکوں پرپھسلن ٹریفک کی روانی متاثر کرسکتی ہے، پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی تدابیر اپنائیں، پہاڑی علاقوں میں غیرضروری سفر سے گریزکریں۔






















