فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے دوسرے مرحلے میں اسرائیلی قیدیوں کی رہائی امدادی ٹرکوں کی شمالی غزہ میں داخلے کی اجازت سے مشروط کر دی۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حماس نے کہا کہ اگر اسرائیل کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے طے پانے والے شرائط پر عمل نہ کیا گیا تو قیدیوں کی رہائی مزید مؤخر ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں:۔عارضی جنگ بندی؛ آج مزید 39 فلسطینی اور 13 اسرائیلی قیدی رہا ہونگے
عزالدین القسام بریگیڈ نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں امداد کی فراہمی اور قیدیوں کی رہائی کے لیے انتخاب کے معیار پر مسائل ہیں۔
دوسری جانب ایک اسرائیلی عہدے دار نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قیدیوں کو غزہ کی پٹی میں ریڈ کراس کے حوالے نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:۔حماس نے 24 اور اسرائیل نے 39 قیدیوں کو رہا کردیا
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی میں اسرائیلی اور فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس میں چار روزہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت حماس نے 24 اور اسرائیل نے 39 قیدیوں کو رہا کیا تھا۔