غزہ میں عارضی جنگ بندی کے بعد یرغمالیوں کی رہائی کا عمل شروع ہوگیا،اسرائیل کو غزہ سے یرغمالیوں کی ایک فہرست موصول ہوئی ہے جو آج حماس کی جانب سے رہا کیے جائیں گے۔
آج مزید انتالیس فلسطینی اور تیرہ اسرائیلی قیدی آج رہا ہونگے، رہائی کے منتظر قیدیوں کے ناموں کا تبادلہ کردیا گیا، غزہ سے قیدیوں کو ریڈ کراس کی گاڑیوں میں مصر منتقل کیا جائے گا،اسرائیلی جیلوں سے فلسطینی قیدی ریڈ کراس کی بسوں میں گھروں کو لوٹیں گے۔
دوسری جانب عوفر جیل کے باہر جمع شہریوں پر اسرائیلی فورسز کی شیلنگ سے 31 فلسطینی زخمی ہوگئے،ڈبلیو ایچ او کےمطابق الشفا اسپتال میں 100 مریض اور عملے کے ارکان موجود ہیں،اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلمیہ کا ابھی تک کچھ پتہ نہیں چلا،ڈاکٹر ابو سلمیہ کا اسرائیلی فورسز نے حراست میں لیا تھا۔
شمالی غزہ سے اسرائیلی ٹینکوں کے انخلا کے بعدشہری گھروں کو لوٹے تو کھنڈرات ان کے منتظر تھے،تباہ شدہ گھروں کے ملبے سے لوگ ضرورت کی چیزین نکالتے رہے،کئی علاقوں سے انسانی باقیات بھی ملیں جنہیں دفنا دیا گیا۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہداء کی مجموعی تعداد 15 ہزار تک پہنچ گئی ہے جس میں 6 ہزار بچے اور 4 ہزار خواتین شامل ہیں۔