صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے موقع پر اماراتی وزیر نہیان بن مبار اور اے ڈی پورٹس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر جمع الشامسی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس دوران دوطرفہ تعاون، رواداری کے فروغ اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے اماراتی وزیر نہیان بن مبارک آل نہیان نے ملاقات کی۔ ملاقات میں رواداری، مکالمے کے فروغ، شمولیت اور پُرامن بقائے باہمی کی اہمیت پر زور دیا گیا جبکہ صدرِ مملکت نے رواداری اور بقائے باہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے رواداری کے قومی وژن کو سراہا۔
صدرِ مملکت سے اے ڈی پورٹس گروپ کے منیجنگ ڈائریکٹر جمعہ الشامسی نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے پاکستان میں اے ڈی پورٹس گروپ کی طویل المدتی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے اسے اقتصادی تعاون کا اہم ستون قرار دیا۔ فریقین نے بندرگاہی انفراسٹرکچر کی توسیع، جدت سے ہم آہنگ تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور ڈیجیٹل و کسٹمز سہولت کاری کے اقدامات پر اتفاق کیا۔





















