عالمی اقتصادی فورم کے 26 سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی ڈیووس میں عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں جاری ہیں، فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفی سے ملاقات میں پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ، شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی ملاقات بھی ہوئی ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے چھبیسویں سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے فلسطین کے وزیراعظم محمد مصطفیٰ نے ملاقات کی۔ فلسطینی وزیراعظم خود چل کر شہباز شریف کے پاس آئے اور تعارف کرایا، ملاقات میں محمد مصطفیٰ نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت اور عالمی فورمز پر فلسطینی مؤقف کی وکالت پر دلی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات بھی ہوئی ۔ ملاقات میں ابھرتی معیشتوں کو درپیش چیلنجز اور اقتصادی استحکام کے لیے تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں میکرو اکنامک اشاریوں میں بہتری، مالیاتی نظم و ضبط، ادارہ جاتی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے عزم سے آگاہ کیا۔ آئی ایم ایف کی ایم ڈی نے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے طویل المدتی اقتصادی اصلاحات کی رفتار برقرار رکھنے پر زور دیا۔





















