کراچی میں سرد موسم کی انٹری، محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں بارش کی نوید سنادی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج رات مغربی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد کراچی میں ہفتے اور اتوار کو گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید کہا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ مغربی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا تاہم مغربی اور جنوب مغربی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
میٹ آفس کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں اسموگ اور ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں کم سے کم درجہ حرارت لیہ منفی 5، اسکردو، کالام، قلات منفی 3 اور گوپس میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔