ملک میں موٹر سائیکلوں اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی فروخت میں رواں مالی سال (24-2023) کے پہلے 4 ماہ کے دوران گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 10.1 فیصد کی کمی ہوگئی۔
پاکستان آٹو موبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (PAMA) کے مطابق رواں سال جولائی سے اکتوبر کے دوران 4 لاکھ 12 ہزار 825 یونٹس کی فروخت ہوئی جو جولائی تا اکتوبر (2022-23) میں 3 لاکھ 70 ہزار 966 موٹر سائیکلیں اور تھری وہیلر فروخت ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے مذکورہ مہینوں میں ہونڈا موٹر سائیکلوں کی فروخت 3 لاکھ 45 ہزار 381 یونٹس سے 6 فیصد کم ہوکر 3 لاکھ 22 ہزار 260 یونٹس ہوگئی جبکہ سوزوکی موٹر سائیکلوں کی فروخت میں 63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو 13 ہزار 532 یونٹس سے 4 ہزار 995 یونٹ رہ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یاماہا موٹر بائیکس کی فروخت بھی 4 ہزار 856 یونٹس سے کم ہوکر 3 ہزار 237 یونٹس رہ گئی جبکہ روڈ پرنس موٹر بائیکس کی فروخت میں 52 فیصد کی غیر معمولی کمی دیکھی گئی جو 12 ہزار 194 یونٹس سے 5 ہزار 851 یونٹس پر آگئی۔
پی اے ایم اے رپورٹ کے مطابق یونائیٹڈ آٹو موٹر سائیکلوں کی فروخت 6 فیصد کمی کے بعد 30 ہزار 337 یونٹس سے 28 ہزار 633 یونٹس ہوگئی۔
اس کے علاقہ یونائیٹڈ آٹو تھری وہیلر کی فروخت 521 یونٹس سے کم ہوکر 106 یونٹس رہ گئی جبکہ سازگار تھری وہیلر کی فروخت 33 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ہزار 907 یونٹس سے 3 ہزار 880 یونٹس تک پہنچ گئی۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ چنگچی تھری وہیلر کی فروخت ایک ہزار 977 یونٹس سے ایک ہزار 536 یونٹس ہوگئی جو 22 فیصد کم ہے۔