نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ۔
تقریب میں سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق، قونصل جنرل، سعودی معززین اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ افتتاح کے موقع پر نئی عمارت کے احاطے میں قومی پرچم لہرایا گیا جبکہ یادگاری تختی کی نقاب کشائی بھی کی گئی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے قونصل جنرل کی کاوشوں اور منصوبے کی بروقت تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سعودی حکام کے تعاون کو سراہا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مؤثر اور معیاری قونصلر خدمات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔
اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ قونصلر خدمات اور تمام دفتری امور جلد نئی چانسری عمارت میں منتقل کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی عمارت سے پاکستانیوں کے لیے قونصلر خدمات مزید بہتر اور مؤثر ہوں گی۔





















