فیفا اور ٹک ٹاک نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کی کوریج کو مزید وسعت دینے اور شائقین کے لیے منفرد تجربہ فراہم کرنے کے لیے اپنی نوعیت کے پہلے ’’پریفرڈ پلیٹ فارم‘‘ معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ اس شراکت داری کا مقصد فٹ بال کی تاریخ کے سب سے بڑے ایونٹ کو عالمی سطح پر کروڑوں شائقین کے لیے مزید قابل رسائی بنانا ہے۔
اس جدید اشتراک کے تحت ٹک ٹاک، فیفا کا پہلا باقاعدہ ترجیحی پلیٹ فارم بن گیا ہے جس کے نتیجے میں شائقین کو میچز کے پردے کے پیچھے کے مناظر (بی ٹی ایس) اور خصوصی ڈیجیٹل مواد تک رسائی حاصل ہوگی۔ٹک ٹاک پر ایک مخصوص ’فیفا ورلڈ کپ 2026 ہب‘ بنایا جائے گا جہاں میچ ٹکٹ، دیکھنے کی معلومات اور گیمنگ فیچرز دستیاب ہوں گے۔
براڈکاسٹرز اور آفیشل میڈیا پارٹنرز کو ٹک ٹاک پر لائیو سٹریمنگ، میچ کلپس پوسٹ کرنے اور اشتہارات کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے کے مواقع ملیں گے۔ٹک ٹاک فیفا کے انٹلیکچوئل پراپرٹی حقوق کے تحفظ کے لیے پائریسی کے خلاف سخت پالیسیاں نافذ کرے گا۔ پہلی بار فیفا اور ٹک ٹاک مل کر ایک جامع ’کریئیٹر پروگرام‘ شروع کریں گے۔ اس کے تحت دنیا بھر سے منتخب ٹک ٹاک کریئیٹرز کو پریس کانفرنسز اور تربیتی سیشنز تک براہ راست رسائی دی جائے گی تاکہ وہ اپنے فالوورز کو ورلڈ کپ کا ایک منفرد اور اچھوتا منظر دکھا سکیں۔
فیفا کے سیکرٹری جنرل ماتیاس گرافسٹروم نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا مقصد فیفا ورلڈ کپ 2026 کی خوشیاں زیادہ سے زیادہ شائقین تک پہنچانا ہے اور اس مشن کے لیے ٹک ٹاک سے بہتر کوئی اور پلیٹ فارم نہیں ہو سکتا۔ یہ شراکت داری شائقین کو ایکشن کے اتنا قریب لے آئے گی جتنا پہلے کبھی ممکن نہیں تھا۔ٹک ٹاک کے گلوبل ہیڈ آف کنٹینٹ جیمز اسٹافورڈ نے کہاکہ ٹک ٹاک پر فٹ بال کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
ٹک ٹاک پر کھیلوں کا مواد دیکھنے والے 42 فیصد افراد لائیو میچز دیکھنے میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔ ہم نئی نسل خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین تک فٹ بال کا جنون پہنچانے کے لیے پرجوش ہیں۔یہ معاہدہ 2023ء کے فیفا ویمنز ورلڈ کپ کی کامیابی کے بعد کیا گیا ہے جس کی ویڈیوز کو ٹک ٹاک پر اربوں بار دیکھا گیا تھا۔ اب 2026ء کے ورلڈ کپ کے لیے اس تعاون کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ 48 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کو ڈیجیٹل دنیا میں ایک نئی بلندی دی جا سکے۔




















