بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔
ترجمان بی سی بی کے مطابق بنگلہ دیش ٹیم کی حفاظت اور سیکیورٹی کے خدشات کے باعث ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا، ٹیم نہ بھیجنے کے معاملے پر بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا، ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ حکومت کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔
بیان کے مطابق کھلاڑیوں اور آفیشلز کے تحفظ کیلئے یہ قدم اٹھانا ناگزیر ہے، بنگلہ دیشی ٹیم ان حالات میں ٹورنامنٹ کے لیے بھارت کا سفر نہیں کرے گی، آئی سی سی کو میچزدوسرے ملک منتقل کرنے کی درخواست کی ہے۔
قبل ازیں بنگلا دیشی اسپورٹس ایڈوائزر ٓصف نظرالاسلام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بنگلادیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلہ بھارت کی انتہا پسند، فرقہ وارانہ پالیسیوں کے تناظر میں کیا۔ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے آج یہ فیصلہ کیا ہے ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلادیش کے میچز بھارت میں شیڈول ہیں، بنگلادیش کی ٹیم کو اپنے 3 میچز کولکتہ اور ایک میچ ممبئی میں کھیلنا ہے۔
دوسری جانب بنگلا دیش کےمیچز کے وینیوز کی تبدیلی کے معاملے پر بھارتی بورڈ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا بی سی سی آئی کی جانب سے کہاگیا ہےکہ ٹی 20 ورلڈکپ میں وینیوز کی تبدیلی انتظامی افراتفری کا سبب بنےگی،وینیوز تبدیلی کا کہنا جتنا آسان ہے،کرنا اتنا ہی مشکل ہے،محض کسی کی خواہش یا پسند کی بنیاد پر میچز تبدیل نہیں کرسکتے،حریف ٹیموں کےہوٹل پہلے سے بک، ہوائی جہاز کی ٹکٹیں بھی لی جا چکی ہیں۔
بھارتی بورڈکاکہنا ہے کہ سیاسی تناؤ کےباعث بنگلا دیشی کرکٹرمستفیض الرحمن کو آئی پی ایل سے نکالا گیا، بنگلا دیشی بورڈ ورلڈکپ میچز کے وینیوزکی تبدیلی پربھی غور کررہا ہے،بنگال ٹیم کے ورلڈکپ گروپ میچز کولکتہ اور ممبئی میں شیڈول ہیں۔




















