شُبھمن گِل بھارت کے خلاف نیوزی لینڈ کی تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز میں ایک بار پھر کپتان کی حیثیت سے واپسی کریں گے، جبکہ فٹنس کلیئرنس سے مشروط شریاس ایئر نائب کپتان ہوں گے۔ سیریز کا آغاز 11 جنوری سے بھارت میں ہوگا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق محمد سراج کی بھی 15 رکنی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، جبکہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو آرام دیا گیا ہے۔ شُبھمن گِل گردن میں کھچاؤ کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز نہیں کھیل سکے تھے، تاہم وہ بعد ازاں ٹی ٹوئنٹی میچز میں ایکشن میں نظر آئے۔ شریاس ایئر سپلین کی انجری کے بعد پہلی بار اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں اور انہوں نے اکتوبر 2025 کے بعد کوئی میچ نہیں کھیلا۔
محمد سراج نے آخری بار آسٹریلیا کے دورے کے دوران ون ڈے کھیلا تھا، جبکہ حالیہ عرصے میں وہ ٹیسٹ اسکواڈ کا مستقل حصہ رہے اور سید مشتاق علی ٹرافی اور وجے ہزارے ٹرافی میں حیدرآباد کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔
اسکواڈ میں شُبھمن گِل، شریاس ایئر اور محمد سراج کو تلک ورما، دھروو جوریل اور رتوراج گائیکواڑ کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں تلک ورما اور دھروو جوریل کو کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا، جبکہ رتوراج گائیکواڑ نے رائے پور میں 105 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
بیٹنگ لائن میں روہت شرما، ویرات کوہلی اور یشسوی جیسوال شامل ہیں۔ وکٹ کیپنگ کے فرائض کے ایل راہول اور رشبھ پنت انجام دیں گے۔ آل راؤنڈرز میں واشنگٹن سندر، رویندرا جڈیجا اور نتیش کمار ریڈی شامل ہیں، جبکہ کلدیپ یادو واحد کلائی اسپنر ہوں گے۔ فاسٹ بولنگ یونٹ میں ہرشِت رانا، پرسدھ کرشنا، ارشدیپ سنگھ اور محمد سراج شامل ہیں۔
بھارتی بورڈ کے مطابق ہاردک پانڈیا کے ورک لوڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ (7 فروری سے شروع) کے پیش نظر منظم کیا جا رہا ہے، اور انہیں فی الحال ایک میچ میں 10 اوورز کرانے کی کلیئرنس نہیں ملی۔سیریز کا پہلا ون ڈے 11 جنوری کو وڈودرا، دوسرا 14 جنوری کو راجکوٹ جبکہ تیسرا اور آخری میچ 18 جنوری کو اندور میں کھیلا جائے گا۔
بھارتی ون ڈے اسکواڈ:
شُبھمن گِل (کپتان)، روہت شرما، ویرات کوہلی، کے ایل راہول (وکٹ کیپر)، شریاس ایئر (نائب کپتان) ، واشنگٹن سندر، رویندرا جڈیجا، محمد سراج، ہرشِت رانا، پرسدھ کرشنا، کلدیپ یادو، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، نتیش کمار ریڈی، ارشدیپ سنگھ، یشسوی جیسوال شامل ہیں۔شریاس ایئر کی شمولیت فٹنس کلیئرنس سے مشروط ہے۔





















