بنگلادیش کے سخت مؤقف نے آئی سی سی کو مذاکرات پر مجبور کردیا۔
رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سربراہ جے شاہ بی سی بی کے صدر امین الاسلام سے ملاقات کریں گے۔ جے شاہ کی بھارتی عہدے داروں سے بھی میٹنگ ہوگی اور انہیں بنگلا دیش کے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔
بی سی بی کے سربراہ امین الاسلام کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی کی طرف سے جواب کے منتظر ہیں اور اس کے بعد ہی اگلے لائحہ عمل پر بات کریں گے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو بھارت میں سکیورٹی خدشات کے ٹھوس شواہد پیش کردئیے ہیں۔ بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق کرکٹ بورڈ کی قانونی مشیر نے ای میل کیساتھ تقریباً سولنکس آئی سی سی کو بھیجے۔ جس میں ٹی وی رپورٹس، یوٹیوب ویڈیوز اور اخبارات کے تراشے شامل نہیں۔
ٹھوس شواہد کا مقصد یہ ثابت کرنا ہے کہ بھارتی سرزمین پربنگلا دیشی کرکٹرز کی جان کوخطرہ ہے۔ قانونی مشیر کا کہنا ہے کہ ایک کھلاڑی محفوظ نہیں،پورےاسکواڈ کی حفاظت کا دعویٰ کیسے کیا جا سکتا ہے؟، آئی سی سی نے بنگلا دیش بورڈ سے سکیورٹی خدشات کی تفصیلات طلب کی تھیں۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کی کرکٹ بورڈ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران ٹیم بھارت کا دورہ نہیں کرے گی۔ بی سی بی کے مطابق یہ اقدام کھلاڑیوں اور اسٹیک ہولڈرز کی حفاظت اور کھیل کے شفاف ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔





















