حبیب عارف کنسورشیم نے 135 ارب روپے کی بولی لگا کر پی آئی اے کے 75 فیصد حصص حاصل کر لیئے ہیں جس کے بعد مبارک بادوں کا تانتا بند گیاہے ۔
خواجہ آصف کا ایکس پر پیغام
وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پی آئی اے کا 135 ارب روپے میں فروخت ہونا ملکی معیشت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کاروباری اداروں کی نجکاری سے معیشت کی بحالی کا عمل تیز ہوگا اور حکومت کو ہزاروں کھرب روپے کے نقصانات سے نجات حاصل ہو سکے گی۔
انہوں نے نجکاری کمیشن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کی یہ ٹرانزیکشن آنے والے وقت میں مزید کامیابیوں کی نوید ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ یورپ اور برطانیہ کی جانب سے پابندیوں کا خاتمہ اس کامیاب ٹرانزیکشن کی اہم وجہ بنا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں پی آئی اے کے لیے 10 ارب روپے کی بولی لگنا اور آج 135 ارب روپے کی قیمت ملنا ہماری سول ایوی ایشن ریگولیٹر پر عالمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کو مبارک ہو، آج صرف پاکستان کی جیت ہوئی ہے، انتہائی شفاف اوبہترین طریقے سے نجکاری کا عمل مکمل ہوا۔ وزیراعظم، مشیر محمد علی اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں ۔
مشیر نجکاری محمد علی
مشیر نجکاری نے کہا کہ بہت اچھی اور نہایت شفاف بولی لگی ہے ، بڈنگ کا 90 فیصد یعنی 125 ارب روپے پی آئی اے کے اندر لگائے جائیں گے ، جس سے ایئرلائن اپنے پاؤں پر کھڑی ہو گی اور دوبارہ اپنی عظمت حاصل کرے گی ۔



















