امریکا کی 3 بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے سربراہان نے امریکی کانگریس کے اراکین کو مصنوعی ذہانت سے درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔
ٹیسلا کے سربراہ ایلن مسک، میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ اور گوگل کی سرپرست کمپنی الفابیٹ کے سربراہ سندر پیچائی نے مصنوعی ذہانت کو کنٹرول کرنے کے لیے قانون سازی پر زور دیا۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایلن مسک کا کہنا تھا کہ انسانی تہذیب کے مستقبل کے لیے یہ ملاقات انتہائی اہم ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی چیٹ جی پی ٹی سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی کے سی ای او سیم آلٹ مین کا بھی امریکی سینٹ کی ذیلی کمیٹی کے ساتھ ملاقات میں کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے لیے قانون سازی اور اس کی حدود کا تعین لازمی ہونا چاہیے۔ اس ضمن میں امریکا، یورپ اور دیگر ممالک کے حکمران اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی کے خالق سیم آلٹ مین امریکی سینٹ میں مختلف عوامی نمائندوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت کو قابو کرنے کے لیے جامع قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے۔