سال 2025 دنیا بھر کے لیے غیر معمولی طور پر ہنگامہ خیز اور آزمائشوں سے بھرپور ثابت ہوا۔ مختلف خطوں میں جاری جنگوں، شدید موسمی تبدیلیوں، تباہ کن سیلابوں اور قدرتی آفات نے کروڑوں افراد کی زندگیوں کو متاثر کیا۔ کہیں مسلح تنازعات نے انسانی المیوں کو جنم دیا تو کہیں موسمی شدت نے ریاستی نظام اور معاشی ڈھانچوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ بے گھر افراد، غذائی قلت، معاشی دباؤ اور سفارتی کشیدگیاں سال بھر عالمی منظرنامے پر چھائی رہیں، جس نے دنیا کو ایک نئے عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا۔
ان عالمی مشکلات کے باوجود، سال 2025 پاکستان کے لیے کئی حوالوں سے غیر معمولی اہمیت کا حامل رہا۔ اگرچہ پاکستان کو بھی ماحولیاتی خطرات اور علاقائی چیلنجز کا سامنا رہا، تاہم دفاعی محاذ پر یہ سال انتہائی سودمند ثابت ہوا۔ پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیت، پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹجک بصیرت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اپنی خودمختاری کا کامیابی سے دفاع کیا بلکہ عالمی سطح پر اپنی ساکھ کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔دوسری جانب بھارت کو دفاعی اور سفارتی محاذ پر نمایاں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا اور خطے کی طاقت کے توازن میں واضح تبدیلی محسوس کی گئی۔
مجموعی طور پر، سال 2025 ایک ایسا سال ثابت ہوا جو دنیا کے لیے آزمائش، جبکہ پاکستان کے لیے عزم، استحکام اور دفاعی کامیابی کی علامت بن کر تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
آئیے سال 2025 میں ہونے والے چند اہم واقعات کا ذکر چھیڑتے ہیں
مئی میں پاک بھارت جنگ
مئی میں بھارت نے بلا اشتعال پاکستان کی شہری آبادیوں پر میزائل داغتے ہوئے معصوم شہریوں کو شہید کیا اور جب پاکستان نے جواب دیا تو وہ بالکل ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق تھا کہ ’ جب پاکستان حملہ کرے گا تو یہ بتانے کی ضرورت بھارتی میڈیا کو نہیں پڑے گی بلکہ پوری دنیا کو پتا لگے گا کہ پاکستان نے جوابی حملہ کیا ہے‘، پاکستان نے بھارت کا غرور رافیل طیاروں کو نہ صرف زمین بوس کیا بلکہ پاکستان کے ہاتھوں S400 کی تباہی نے بھارتی حکومت کو منہ چھپانے کے قابل بھی نہ چھوڑا، پاکستان کی فضائی زمینی اور بحری برتری کو پوری دنیا نے تسلیم کیا, امریکی صدر ٹرمپ نے بھی پاکستان کی فوجی طاقت کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے ہر بڑے پلیٹ فارم پر اعلانیہ تعریف کی جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیروائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ملاقات کرنے والے دنیا کے پہلے آرمی چیف بھی بنے ۔جس نے دنیا بھر کے اخبارات کی شہہ سرخیوں میں جگہ بنائی۔
موسمیاتی تبدیلیاں اور سیلاب
ایک طرف جنگیں تو دوسری جانب سیلاب نے بھی لوگوں کی زندگی کو شدید متاثر کیا جن میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو پنجاب میں سیلاب کے باعث برداشت کرنا پڑا جہاں 8400 دیہات زیر آب آئے جبکہ درجنوں افراد زندگی کی بازی ہارے ، حکومت پنجاب کی جانب سے تاریخی ریلیف آپریشنز کیئے گئے ۔10 لاکھ ایکڑ سے زائد زرعی زمین زیرِ آب آگئی۔ لاکھوں افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
2025 میں شدید موسمیاتی واقعات میں اضافہ دیکھا گیا۔ کیریبین اور فلپائن میں طوفان، ویتنام میں سیلاب، یورپ میں جنگلاتی آگ اور امریکہ میں گرینڈ کینیئن کے علاقے میں آگ نے انسانی جانوں اور معیشت کو متاثر کیا۔سائنس دانوں کے مطابق یہ سب موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہیں۔2025 نے عالمی سطح پر سیاست، معیشت، انسانی حقوق اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے کئی نمایاں اور فیصلہ کن واقعات دیکھے۔ یہ سال تاریخ میں اپنی گہری پیچیدگی اور اثرات کے لیے یاد رکھا جائے گا۔
کرپٹو کرنسی میں قدم
پاکستان نے سال 2025 میں ہی کرپٹو کرنسی میں قدم رکھ کر دنیا کو حیران پریشان کر دیا جس کیلئے خصوصی باڈی تشکیل دی گئی جبکہ بلال بن ثاقب کی شاندار خدمات کی بدولت پاکستان میں نئے دور کا آغاز ہوا ۔
ٹرمپ کے کارنامے
سال 2025 امریکی صدر ٹرمپ کے بغیر کبھی اتنا ہنگامہ خیز نہ ہوتا ، جنوری میں اپنے دوسرے دور کے آغاز کے ساتھ ہی ری پبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف جنگ شروع کرنے، ملک میں پروٹیکشنزم کی پالیسی، غیر قانونی تارکین وطن کی بڑی تعداد میں ملک بدری اور وفاقی حکومت کے کئی محکموں کی دوبارہ تشکیل پر کام شروع کیا۔
ان سب کارناموں کے ساتھ ساتھ امریکی صدر نے دنیا میں جنگیں رکوانے کا فریضہ بھی انجام دیا جس میں سب سے نمایاں اقدام پاک بھارت جنگ کو رکوانا اور غزہ میں جنگ بندی تھا جبکہ ایران اسرائیل جنگ میں بھی امریکی صدر کا کردار نہایت اہم رہا جبکہ اس جنگ کے بعد پاکستان اور ایران کے درمیان قربتیں شدید بڑھیں کیونکہ پاکستان نے کھل کر عالمی سطح پر سفارتی محاذ پر اپنے برادر ملک ایران کی حمایت کی ۔
امریکہ صدر کے دباؤ پر اسرائیل اور حماس کے درمیان فائر بندی عمل میں آئی، جس سے اسرائیلی اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی ممکن ہوئی۔اس دوران غزہ میں انسانی امداد کا سلسلہ بڑھا جہاں 70 ہزار کے قریب فلسطینی شہریوں کو اسرائیل نے شہید کیا جن میں بیشتر تعداد بچوں کی شامل ہے۔فائر بندی معاہدے کے بعد بھی اسرائیل نے حالیہ ہفتوں میں غزہ پر کئی فضائی حملے کیے اور خطے میں کشیدگی برقرار رہی۔
یوکرین میں ناکام مذاکرات
روس کے 2022 میں حملے کے بعد یوکرین میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں۔صدر ٹرمپ نے مختلف مواقع پر یوکرینی صدر وولودی میر زیلنسکی اور روسی صدر ولادی میر پوتن کے درمیان تعلقات میں توازن قائم کرنے کی کوشش کی مگر مذاکرات ناکام رہے۔
نیا پوپ
آٹھ مئی کو 69 سالہ امریکی شہری فرانسس پریوست بطور پوپ منتخب ہوئے۔
نوجوان
30 سال سے کم عمر افراد نے ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ میں معاشرتی اصلاحات اور کرپشن کے خلاف احتجاج کیے۔بنگلہ دیش، نیپال اور مڈغاسکر میں حکومتیں مستعفی ہوئیں جبکہ دیگر ممالک میں مظاہرے سختی سے دبائے گئے۔
آرٹیفیشل انٹیلی جنس
ٹیکنالوجی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں نے مصنوعی ذہانت میں بھاری سرمایہ کاری کی۔ 2025 میں مصنوعی ذہانت سے متعلق خرچ تقریباً ڈیڑھ کھرب ڈالر تک پہنچ گیا۔اس سے مارکیٹ میں اس شعبے کو عروج ملا مگر افراط زر، افواہوں، اور بڑے پیمانے پر نوکریوں میں کمی کے خدشات بھی سامنے آئے۔




















