یوکرین کے فوجی تقریب پر راکٹ حملے میں روسی اداکارہ ہلاک ہوگئی۔ یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں 20 روسی فوجی بھی ہلاک ہوئے، تاہ روسی حکام نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
روسی اداکارہ، کوریوگرافر اور ہدایت کارہ پولینا مینشیخ یوکرین کے جان لیوا راکٹ حملے میں ہلاک ہوگئیں۔ اس بات کی تصدیق ان کے ساتھیوں نے کی ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق مبینہ طور پر یوکرین کے حملے میں امریکا کی طرف سے کیف کو فراہم کئے گئے ہمارس (HIMARS( سسٹم کا استعمال کیا گیا تاکہ پہلے چیریٹی کنسرٹ کے دوران اسٹیج کو تباہ کیا جاسکے اور پھر مدد کیلئے آنیوالے پہلے گروپ کو بھی نشانہ بنایا جاسکے۔
اطلاعات کے مطابق 40 سالہ مینشیخ لیگے آرٹس اسٹوڈیو کی سربراہ تھیں، وہ اتوار کو ڈونیٹسک پیپلز ریپبلک کے اسٹاروبیشیوو ضلع کے کماچوو قصبے میں روسی فوجیوں کیلئے ایک کنسرٹ میں پرفارم کرنے کیلئے گئی تھیں۔
یوکرینی فوج نے کنسرٹ پر میزائل حملہ کیا تو اداکارہ بھی اس کی زد میں آکر ہلاک ہوگئیں۔
دوسری جانب یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے میں 20 روسی فوجی بھی ہلاک ہوئے تاہم روسی حکام کی جانب سے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔