وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا ہے جیلوں میں قیدیوں سے ملاقاتیں کروانے سے وزیراعلیٰ پنجاب کا کوئی لینا دینا نہیں ، وزیراعلی پنجاب کبھی بھی کسی سرکاری افسر کے کام میں مداخلت نہیں کرتیں۔
سہیل آفریدی کے خط پر جواب دیتے ہوئے عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ جیل رولز کے مطابق سیاسی میٹینگز کی اجازت نہیں ہوتی اور جیل سپرٹنڈنٹ اس حوالے سے فائنل اتھارٹی ہے ۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ہفتے میں دو دن ملاقاتیں ہوتی ہیں ابتک بانی پی ٹی آئی سے انکے وکلاءکی چار سو بیس اور فیملی کے لوگوں کی ایک سو نواسی ملاقاتیں ہوچکی ہیں ۔ بشری بی بی کے اہلخانہ کی ملاقاتیں اس سے الگ ہیں پھر بھی ہر ہفتے جیل کے باہر جلسہ کیا جاتا ہے ۔ سہیل آفریدی ہمیں قانون پڑھانے سے پہلے خود قانون پڑھیں ۔ سہیل آفریدی نو مئی کے سزا یافتہ مجرمان کے ساتھ کھڑے ہوکر جلسے کرتے ہیں،سرکاری افسران کو دھمکیاں دیتے ہیں۔






















