وفاقی وزیر مواصلات اور صدرِ استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے وانا کالج پر حملے اور اسلام آباد دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ کہا فتنہ الخوارج کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم اور حوصلے کو کمزور نہیں کرسکتیں۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور امن کے قیام تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ شہدا کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلیے دعاگو ہوں۔
خیال رہے کہ آج اسلام آباد ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ 27 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سرمل گیا۔ دھماکے میں زخمی افراد کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 10نومبر کو افغان خوارج نے وانا کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی،دھماکے سےکالج کا مرکزی گیٹ منہدم، قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ پاک فوج کےجوانوں نے فوری اور جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے 2خوارج کوموقع پرجہنم واصل کردیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کیڈٹ کالج وانا میں موجود تمام طلبا اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔ اب آپریشن جامع طریقے سے حتمی انجام کو پہنچایا جائے۔






















